بھٹکل:7/ ڈسمبر (ایس او نیوز) شہر کے ناگپا روڈ پرواقع شری نواس ڈیلکس کے مالک مادھو بھٹ کے گھر کا دروازہ توڑ کر چوری کرنے کی واردات پیش آئی ہے جس میں چوروں نے قریب پچاس ہزار روپئے کی مالیت کے زیورات لے کر فرار ہوگئے ہیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ چوروں نے پہلے اس بات کی تصدیق کی کہ گھر پر کوئی موجود نہیں ہے، جس کا فائدہ اُٹھا کر دروازے کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ مادھو بھٹ نے بتایا کہ الماری میں رکھی ہوئی آٹھ ہزار نقد اور سونے کی انگوٹھی سمیت دیگر زیورات اور کپڑے بھی چرائے گئے ہیں، ان کے مطابق پچاس ہزار سے زائد کی مالیت کا مال چوری ہوا ہے۔ ان کو شبہ ہے کہ یہ واردات 2ڈسمبر کی شام 5بجے سے 5ڈسمبر کی رات 08:30کے درمیان انجام دی گئی ہے۔
جاسوسی کتوں اور فنگر پرنٹس ماہرین کے ذریعے تفتیش کی جارہی ہے۔ اس تعلق سے رجنی مادھوبھٹ نے پولس کو شکایت دی ہے۔ بھٹکل شہری پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعد ایس آئی پرمیشور کی قیادت میں جانچ جاری ہے۔